خیرپور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں مسافر بس اور وین کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اولڈ نیشنل ہائی وے پر اس وقت پیش آیا جب مسافر بس اور وین تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکراگئی، دلخراش حادثے کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں سوار افراد متاثرہ گاڑیوں میں پھنس گئے، جائے وقوعہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت متعدد زخمیوں اور لاشوں کو کوچ اور وین کی باڈی کاٹ کر نکالا اور سول اسپتال خیر پور منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، دلخراش واقعے کے بعد سول اسپتال خیرپور میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تصادم کا شکار ہونے والی مسافر وین خیرپور سے ٹھری میر واہ جارہی تھی
یاد رہے کہ سال دوہزار تیرہ میں مسافروں سے بھری بس وادی سوات سے کراچی جارہی تھی کہ خیرپور کے قریب ٹھیڑی بائی پاس پر مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے کے نتیجے میں 68 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں 22 خواتین ، 18 بچے اور 18 مرد شامل تھے جبکہ کئی لاشیں ناقابل شناخت بھی تھیں۔