کرونا وائرس، چوبیس گھنٹوں میں 98 مریض کی اموات
اسلام آباد: مہلک وائرس کو وِڈ 19 کے باعث ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 98 افراد انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے کہا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید اٹھانوے مریض انتقال کر گئے، ملک میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 698 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 5 ہزار 857 نئے کیسز سامنے آئے، ملک میں اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 7 لاکھ 78 ہزار 238 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
کرونا کے 6 لاکھ 76 ہزار 605 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 4 ہزار 593 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 935 ہے۔
24 گھنٹوں میں 57 ہزار 591 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ ملک میں گزشتہ روز کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.16 فی صد رہی، اور مجموعی طور پر اب 1 کروڑ 13 لاکھ 77 ہزار 423 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 79 ہزار 437 ہو گئی ہے، سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 81 ہے، خیبر پختون خوا میں کیسز 1 لاکھ 9 ہزار 704 ہو گئی، بلوچستان میں 21 ہزار 242 کیسز، اسلام آباد میں 71 ہزار 533 کیسز، آزاد جموں و کشمیر میں 16 ہزار 26 کیسز، جب کہ گلگت بلتستان میں اب تک 5 ہزار 215 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔