عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لے لیا،واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد:گزشتہ رات کوئٹہ کے سرینا چوک پر واقع ایک ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، وزیر اعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم رات گئے تک معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے، انھوں نے واقعے کی سخت مذمت بھی کی، اور وزیر داخلہ کو ہر پہلو سے تفتیش کرنے کا حکم دیا، وزیر اعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، آج سول اسپتال میں ایک اور زخمی چل بسا جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے، کوئٹہ کے ڈی آئی جی اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک پولیس سپاہی بھی جاں بحق ہوئے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے خطے میں دہشت گردی کی لہر ہے، واقعے سے قبل کوئی تھریٹس موجود نہیں تھے، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات پاکستان اور امن دشمنوں نے بلوچستان میں ایک اور بزدلانہ وار کیا، کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق، دس زخمی ہوئے، زور دار دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگ گئی، ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا، انھوں نے دھماکے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیا، کہا، ہم تحقیقات کر رہے ہیں جلد پیش رفت سامنے آئے گی۔
ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان کہا ہے کہ دھماکے میں ہونے والی شہادتوں پر دل گرفتہ ہوں، دشمن نے ملک میں امن و استحکام تباہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے، ملک دشمن عناصر کبھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔