کراچی : شہر قائد میں آج سے گرمی کا ایک نیا اسپیل شروع ہونے کا امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے تاہم شدید گرمی کی لہر اتوار تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج سے شہر میں 3 روزہ گرمی کی نئی لہر شروع ہوگی، تاہم اس کے اثرات پیر تک برقراررہ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے اتوار تک کراچی کا پارہ بڑھنے کی توقع ہے، تین روز تک درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کےامکانات ہیں، معمول سے زائد گرمی کی وجہ ہواوں کی تبدیلی ہے، دن کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع رہنے جبکہ شمال مشرقی گرم و خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے اور سمندری ہوائیں مختصر وقت کی بندش کے بعد بحال ہونے کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا امکان ردکردیا ہے، شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ صبح 11بجے سے شام 4 بجے کے درمیان بلاضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں جبکہ گھر سے باہر سایہ دار جگہوں کو ترجیح اور براہ راست دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔