لاہور : پنجاب حکومت نے آکسیجن سیلنڈرز اور ایمرجنسی آلات کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آکسیجن سلنڈرز، آکسی میٹرز ،آکسیجن ریگولیٹر، نیزل کینولا اور دیگر ایمرجنسی آلات کی ذخیرہ اندوزی کرنا قانوناً جرم ہو گا۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی آلات پر منافع کمانے والوں اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تمام اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے ایمرجنسی آلات کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان احکامات کا اطلاق اگلے 2 مہینے تک رہےگا، نوٹیفیکیشن
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر کوئی ایسی غیر قانونی کاروائی دیکھیں تو فوراً 1033 پر رابطہ کریں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کریں جب کہ وباء کے ان خطرناک دنوں میں اپنے ہم وطنوں کو آکسیجن سلنڈرز اور دیگر ایمرجنسی آلات رضاکارانہ طور پر فراہم کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔