کرونا وائرس کے افریقی، برازیلی ویریئنٹ کی موجودگی کی تصدیق،وزارت صحت
اسلام آباد: ترجمان وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ جنوبی افریقی اور برازیلی قسم کے کرونا وائرسز پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کے افریقی، برازیلی ویریئنٹ کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ این آئی ایچ کو موصول نمونوں میں افریقی، برازیلی قسم کے کرونا وائرسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک نمونے میں جنوبی افریقی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ دوسرے نمونے میں برازیلی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کی مختلف اقسام کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت صحت اور این سی او سی کی کرونا کی مختلف اقسام پر نظر ہے، کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد پہلی دفاعی لائن ہے، اس لیے شہری کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ترجمان وزارت صحت نے تاکید کی کہ شہری ماسک کا استعمال ضرور کریں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، جب کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔