یوم علیؑ، اعتکاف، شب قدر کیلئے خصوصی گائیڈ لائنز جاری
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے یوم علیؑ، اعتکاف، شب قدر، جمعتہ الوداع کیلئے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کردیں ہیں۔
این سی او سی کے مطابق یوم حضرت علیؑ پر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، یوم علی ؑپر کورونا علامات والے افراد کو شرکت کی اجازت نہ دی جائے گی۔ یوم علی ؑکی مناسبت سے مجالس آن لائن ہوں یا پھر آؤٹ ڈور منعقد کی جائیں گی، علما، ذاکرین کو کورونا منفی رپورٹ ہونے پر ہی خطاب کی اجازت دی جائے گی۔
گائیڈلائنز کے مطابق کورونا علامات والے افراد مسجد کے بجائے گھر میں ہی اعتکاف کریں گے، معتکفین مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سے لائیں مشترکہ سحر و افطار سے گریز کریں۔ جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں نمازیوں کے آنے، جانے کا الگ راستہ رکھا جائے، داخلی راستے پر تھرمل اسکیننگ اور سینیٹائزر کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔ جمعتہ الوداع کیلئے نمازی جائے نماز ساتھ لائیں وضو گھر سے کر کے آئیں، صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے وضو خانوں میں بھیڑ نہ لگائی جائے۔
شب قدر پر بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد مسجد نہ آئیں، شب قدر پر محافل آؤٹ ڈور ہی منعقد کی جائیں قالین، دری وغیرہ کا استعمال نہ کریں۔ شب قدر پر سماجی فاصلہ یقینی بنانے کیلئے فزیکل بیریئر استعمال کیے جائیں، اجتماعات کے دوران ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے مکمل گریز کیا جائے۔
این سی او سی کے مطابق عید الفطر پر عید ملنے کی روایت سے گریز کیا جائے، عید پر انتہائی ضروری ہو تو ہی سفر کریں فیملی اجتماعات سے بھی اجتناب کریں۔ عید پرخاندان والوں کے ساتھ آؤٹ ڈور بیٹھیں ایک میٹر کا فاصلہ یقینی بنائیں، نماز عید کے دوران تمام کھڑکیاں، دروازے کھلے رکھیں جائے نماز گھر سے لائیں۔ عید اجتماع میں واٹر کولر کا استعمال نہ کریں فرش کی صفائی یقینی بنائی جائے۔