کرونا وائرس : گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 108 افراد کی اموات
اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر زوروں پر ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 108 افراد انتقال کر گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ایک سو آٹھ مریض کرونا سے جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 18 ہزار 537 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 46 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 4 ہزار 198 رہی، جب کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.03 فی صد رہی۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 45 ہزار 833 ہو گئی ہے، جن میں سے 7 لاکھ 43 ہزار 124 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 107 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 172 تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 1 کروڑ، 20 لاکھ 56 ہزار 986 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 522 ہو چکی ہے، صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 2 لاکھ88 ہزار 680 ہے۔