لاہور : دنیا کو اب یہ فیصلہ کرنا ہی ہوگا کہ انسانیت کے حامی ہیں یا پھر دہشتگردی کے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ فلسطینی شہداء میں معصوم بچے بھی شامل ہیں، جوغزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے آنکھیں کیسے چرا سکتی ہے، اس پر مجرمانہ خاموشی اسرائیلی جرائم پر چشم پوشی کرنے کے مترادف ہوگا۔ آپ انسانیت کے حامی ہیں یا پھر دہشتگردی کے؟ یہ فیصلہ اب آپ کو کرنا ہی ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شہباز شریف آج فلسطین کے سفارت خانے جائیں گے، جہاں وہ مسجداقصی اور فلسطینی علاقوں پر وحشیانہ اسرائیلی حملوں کی مذمت اور فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق شہباز شریف پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کا پیغام دیں گے۔