کراچی : سمندری طوفان’’تاؤتے‘‘ کراچی سے 800 کلومیٹر دوری پرآگیا ، طوفان آج رات گئے بھارتی گجرات سے گزرے گا تاہم پاکستانی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر میٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی سے 800 اور ٹھٹھہ سے 730 کلومیٹر دور ہے، سمندری طوفان آج رات گئے بھارتی گجرات سے گزرے گا تاہم سمندری طوفان سے پاکستانی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں موسم شدید گرم رہے گا اور گرد آلود ہوائیں آج بھی جاری رہیں گی اور شہر میں پارہ 43 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہوکر گزرے گا، طوفان دور ہونے کے باعث بارش کا امکان ختم ہوگیا ہے تاہم گرم ہواؤں کے باعث لو کی صورتحال رہےگی۔
یاد رہے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ تاؤتے طوفان کا رخ 15 کلومیٹر کی رفتار سے شمال کی طرف ہوگیا ہے اور طوفان کراچی کےجنوب اور جنوب مشرق سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے امکانات ہیں ، طوفان 17 مئی کی رات کو بھارتی گجرات کو پار کرے گا ، جس کے باعث ٹھٹہ، سجاول ، بدین ، تھرپارکر ، میرپورخاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 17 سے 19 مئی کے دوران تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سمندر میں تغیانی کے باعث ماہی گیر 19 مئی تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔