حکومت قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے گی
اسلام آباد: حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، حکومت قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت جاتی ہے تو جائے مگر کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، این آر او نہ دینے کی پالیسی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کروں گا، جب مخالفین کے ساتھ زیادتی نہیں کی تو اپنوں کے ساتھ کیوں کریں گے؟۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹ سکتا، احتساب کا سلسلہ بلاتفریق جاری رہے گا، اگر کسی کو حکومت گرانے کا شوق ہے تو اسے پورا کرلے مگر حکومت کسی پریشر گروپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پوری سیاسی جدوجہد ہی قانون کی حکمرانی کے لیے تھی، ہم انصاف پر یقین رکھتے ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، ہم کسی کی بلیک میلنگ میں آکر اپنے احتساب کے منشور سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور نہ اقتدار بچانے کی خاطر کسی کو این آر او دیں گے۔