تباہی سرکار ایک بار پھر عوام دشمن بجٹ پیش کرے گی
اسلام آباد: ہم معیشت سمیت حکومت کی ہر شعبے میں نااہلی اور کرپشن کو بے نقاب کرینگے
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہم معیشت سمیت پی ٹی آئی حکومت کی ہر شعبے میں نااہلی، بدانتظامی اور بے مثال کرپشن کو بے نقاب کریں گے، بے روزگاری کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ تباہی سرکار ایک بار پھر عوام دشمن بجٹ پیش کرے گی، جی ڈی پی کے جھوٹے نمبر بتائے گئے ہیں، لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے بجٹ میں مشکوک اعداد وشمار پیش کئے جائیں گے۔ ہم معیشت سمیت پی ٹی آئی حکومت کی ہر شعبے میں نااہلی، بدانتظامی اور بے مثال کرپشن کو بے نقاب کریں گے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 11 فیصد رہی جو اس خطے کی اعلی ترین سطح ہے، مہنگائی کا بوجھ کابینہ پر نہیں عوام پر پڑ رہا، اس حکومت میں عوامی قرضوں میں 55 فیصد اضافہ ہوا، بے روزگاری کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، پی ٹی آئی حکومت 4% شرح نمو کا دعوی کیسے کرسکتی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ تباہی سرکار کا اب دعوی ہے کہ سرکلر ڈیٹ میں 189 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ زاد معاشی ادارے سرکلر ڈیٹ میں مزید اضافے کا خدشہ کرتے ہیں۔