گھوٹکی : پولیس نے شکارپور کے بعد گھوٹکی کےکچے میں بھی ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کردیا
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کا آغاز کچوبنڈی ٹو کے علاقے سے کیا گیا ہے،آپریشن میں ضلع بھر سے پولیس جوان حصہ لےرہےہیں، آپريشن میں تین اےپی سی چین بھی شامل ہیں۔
آپریشن کو منطقی انجام کے لئے کچے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کردئیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کچو بندی ٹو کی سرحدیں شکارپور اور کندھ کوٹ سےملتی ہیں، آپریشن کو فیصلہ کن بنانے کے لئے شکارپور، سکھر،کشمور کےسرحدی علاقےسیل کردیئےگئےہیں۔
دوسری جانب شکارپور، کشمور، گھوٹکی، اور سکھر پولیس کا کچے کے علاقوں میں مشترکہ آپریشن جاری ہے، آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے چار ایس ایس پیز نے اپنے اپنے علاقوں میں بیس کیمپ قائم کر رکھے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کا تیزی سے خاتمہ کیا جا رہا ہے، تاہم دوسری جانب جتوئی، سبزوئی اور تیغانی ڈاکوؤں کے گروہ یک جا ہو رہے ہیں، ڈاکوؤں نے مل کر پولیس سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔