پاکستان میں کرونا ویکسین فائزر کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی
اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے امریکی ساختہ کرونا ویکسین فائزر کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مہلک وبا سے بچانے کےلیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے فائزر کی ایم آر این اے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی گئی ہے، جو ملک بھر میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کمزور قوت مدافعت والے افراد اور 40 سال سے کم عمر حاملہ خواتین کو بھی لگائی جاسکے گی جب کہ 40 سال سے کم عمر عازمین حج فائزر ویکسین لگوا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک ایک لاکھ چھ ہزار خوراکیں مل چکی ہیں۔
اب تک ڈریپ کی جانب سے تین چینی، ایک یورپی اور ایک روسی ویکسین کی اجازت دی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی کورونا ویکسین فائزر نے ویکسین کے ہنگامی استعمال سرٹیفکیٹ کے لیے ڈریپ سے رجوع کیا تھا، فائزر نے ڈریپ کو ہنگامی استعمال سرٹیفکیٹ کے لیے دستاویزات جمع کروائی تھیں۔
کوویکس سے ملنے والی کورونا ویکسین ڈریپ اجازت نامہ سے مستثنیٰ ہیں، حکومت کی درآمد کردہ ویکسین کو ڈریپ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ تین روز فائزر کورونا ویکسین کی ایک لاکھ ڈوز پاکستان پہنچی تھیں