کراچی : شہر قائد میں نامعلوم افراد نے بزنس مین کے بیٹے رضا ذوالفقار کو گولیاں مار کر قتل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طورپرٹارگٹ کلنگ کاہی لگتا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈسٹرکٹ کورنگی میں جامعہ ملیہ کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں بزنس مین کے بیٹے رضا ذوالفقار جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے ، فوٹیج میں رضاذوالفقارکوکار میں دیکھاجاسکتاہے ، موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کار کے قریب آئے اور پیچھے بیٹھے ملزم نے براہ راست کار پر فائرنگ کی ، ملزمان گلی میں داخل ہونے کے بعد بھی گولیاں چلاتے رہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کار سوار رضاگولیاں لگنےسےموقع پرہی دم توڑگیا اور ملزمان اطمینان سے واردات کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص اسٹیل کے کاروبار سے وابستہ ہے ، واقعےمیں نائن ایم ایم پستول کااستعمال کیاگیاہے، جائےوقوعہ سےنائن ایم ایم پستول کی گولیوں کےخول ملےہیں ، ملنےوالےخول کو فارنزک کے لئے بھیجا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے کہا واقعہ ابتدائی طورپرٹارگٹ کلنگ کاہی لگتا ہے، جائےوقوعہ سےشواہداکٹھےکررہے ہیں، ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیجزبھی حاصل کرلی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔