یہ بکھرا ہوا گروہ ہے ، اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں : فواد چوہدری
اسلام آباد : اپوزیشن ابھی سے واویلا کررہی ہے کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی ہو گی۔
لگتا ہے ن لیگ شہبازشریف کو لیڈر نہیں مانتی۔ یہ پہلے اپنے اندر اتحاد لائیں اور ہم سے مذاکرات کریں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی رفتار کم ہوتے ہوتے رک گئی ہے۔ اپوزیشن کی کوئی لیڈرشپ نہیں ہے، اپوزیشن بکھرا ہوا ایک گروہ ہے۔ اپوزیشن ابھی سے واویلا کررہی ہے کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی ہو گی۔ انہیں پتا ہے کہ اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم انتخابی مسائل کے حل کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں۔ ن لیگ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہیں مگر فیصلے کوئی اور کرتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وسائل کا بڑا حصہ صوبوں کو جاتا ہے۔ دو سال میں سولہ سے سترہ سو ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں سے دئیے گئے۔ گرانٹس کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی، سندھ حکومت نے کیا کیا؟ یہ پیسہ کہاں گیا، یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکہ لندن، پیرس اور دبئی چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دو خاندان ہیں ایک یہاں سے ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے۔ عمران خان نے آ کر ملکی معیشت کو ایک سمت دی۔ کورونا میں ہم نے حفاظتی سامان خود بنانا شروع کر دیا ہے۔ ملکی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ن لیگ شہبازشریف کو لیڈر نہیں مانتی۔ یہ پہلے اپنے اندر اتحاد لائیں اور ہم سے مذاکرات کریں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ابھی تک تجاویز نہیں لائی۔ یہ ایوان لوگوں کے مسائل حل کرے لوگوں کو اس کا پتہ چلنا چاہیے۔ اپوزیشن حکومت پر تنقید کرے مگر مثبت تجاویز دے۔ بتائے کیسے آگے بڑھیں، قدم سے قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں۔ آئیے مل کر پاکستان کو آگے لیکر چلتے ہیں۔
فواد چوہدری نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کردی۔