نالائق اور نااہل کو مسلط کردیا گیا ، کوئی شعبہ ایسا نہیں جس کا خون نہ چوسا گیا ہو
اسلام آباد : یہ زکوٹا جن کا بنایا ہوا بجٹ ہے ، یہ خون چوس اور ہڈی توڑ بجٹ ہے۔
مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا 3 سال میں 2 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ یہ حکومت منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کا تسلسل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے سب وعدے بھول گئے؟ 100 دن میں ریاست مدینہ بنانے کے دعوے، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، ساڑھے تین سو ڈیم بنانا، آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، سب بھول گئے؟ مگر ہم آپ کو کچھ بھی بھولنے نہیں دینگے۔
انہوں نے کہا کہ نالائق اور نااہل کو مسلط کردیا گیا ، 3 سال میں 2 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، یہ حکومت منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کا تسلسل ہے۔
چھ مرتبہ کابینہ بدلی، چار بار وزیر خزانہ بدلا، مہنگائی، بے روزگاری حد سے بڑھ گئی، سات سو روپے کلو تک ہم نے ٹماٹر خریدے، بھولنے نہیں دیں گے۔ موجودہ حکومت میں بے روزگاری سے لوگ تنگ آچکے ہیں ، ملک کے ہر شخص پر پونے 2 لاکھ روپے کا قرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں سے پاکستان کی عوام کو کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے ہمیں بجٹ کی کتابیں اس لیے ماریں تاکہ غریبوں کی چیخیں دب جائیں۔ وہ کونسی مافوق الفطرت قوتیں ہیں، جن کی مدد سے عمران خان نے اتنی جلدی بیڑا غرق کر دیا۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ کوئی شعبہ ایسا نہیں جس کا خون نہ چوسا گیا ہو۔ یہ خون چوس اور ہڈی توڑ بجٹ ہے۔ یہ زکوٹا جن کا بنایا ہوا بجٹ ہے۔ پیٹرول بجٹ کے اگلے دن ہی مہنگا ہو گیا۔ میں مانتی ہوں عمران خان کرپٹ نہیں ہے، یہ سب زکوٹا جن کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ایک انا کا جن بھی ہے، جس نے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ عمران خان نے نظام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔ انا کا جن انہیں تقرریوں کے لیے شریف سے مشاورت نہیں کرنے دیتا۔
انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی سے متعلق عمران خان کے بیان کی یہ ایوان مذمت کرتا ہے۔ عمران خان کا بیان مخصوص ذہنیت کی عکاسی ہے۔ کیا زینب اور دیگر زیادتی کا شکار بچوں نے کم کپڑے پہنے ہوئے تھے؟ وزیراعظم کے بیان سے جنسی زیادتی کرنے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیے کہ زیادتی کا شکار بچیوں کے والدین کس کرب سے گزرتے ہیں۔ عمران خان کا انا کا جن صرف دو مرتبہ چھٹی جاتا ہے۔ ایک تب جب نواز شریف کے منصوبوں پر تختی لگانی ہو۔ دوسرا تب جب نواز شریف کے بنائے منصوبے گروی رکھنے ہوں۔
لیگی رہنماء نے کہا کہ آج جس پر پاکستان چل رہا ہے وہ بجلی نواز شریف نے بنائی۔ انتخابی اصلاحات وہ ہوتی ہیں، جو اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی نے کیں۔ قانون سازی کو بلڈوز کر کے انتخابی اصلاحات نہیں ہوتیں، پاکستان کے ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمیں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بھی مسئلہ نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن سے اس کی خودمختاری چھینی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اختیارات نادرا کو دیئے جا رہے ہیں۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو ایٹمی قوت سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔ ایٹمی پروگرام پاکستان کا ہے عمران خان کا نہیں۔