کراچی: پانچ منٹ کی موبائل فون کالز پر 75 پیسے اضافی ٹیکس کو ناقابل عمل قرار۔
ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ پانچ منٹ کی موبائل فون کالز پر 75 پیسے اضافی ٹیکس سے بنڈل آفر کی سہولت والے 98 فیصد پری پیڈ صارفین کے لیے مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔
ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس کا اطلاق آپریٹرز کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے فراہم کیے جانے والے بنڈلز کے خاتمے کا باعث بن سکتا ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے مطابق یہ ٹیکس صارفین کو پانچ منٹ سے پہلے کال کاٹ کر دوبارہ ملانے کی جانب راغب کرسکتا ہے جس سے وہ اضافی ٹیکس سے بچ جائیں گے اور حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
حکام کے مطابق اضافی ٹیکس صرف ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے پیچیدگی اور عوام کے لیے تکلیف کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے 5 منٹ سے زائد دورانیہ کی کال مہنگی کردی جائے گی، بجٹ میں 5 نٹ سے زائد موبائل کال پر 75 پیسے اضافے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 منٹ کی موبائل فون کال پر پہلے ہی 19.5 فیصد ایف ای ڈی اور دیگر ٹیکسز عائد ہیں، پرانے ٹیکسز کے ساتھ 5 منٹ کی کال ایک روپیہ 98 پیسے کی تھی، نئے ٹیکس سے 5 منٹ سے زائد کی کال 2 روپے 72 پیسے کی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی فیصلے سے پری پیڈ پیکیجز زیادہ مہنگے ہوں گے جو کم آمدن والے افراد استعمال کرتے ہیں، 5 منٹ سے زائد کی کال پر اس اضافے سے ٹیکس ریٹ 65 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ اقدام سے موبائل فونز پر ملنے والے ٹیکس میں کمی آئے گی اور واٹس ایپ، فیس بک میسنجر ودیگر ایپ سے کال کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔