کراچی: صوبائی حکومت نے روش تبدیل نہ کی تو عوام وزیراعلیٰ ہاؤس تک جائیں گے۔
سندھ حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں کے خلاف ایم کیوایم پاکستان نے کراچی کے علاقے حسن اسکوائر سے پریس کلب تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق ریلی حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم روڈ اور شاہراہ فیصل سے ہوتی پریس کلب پہنچے گی، اختتام پر قائدین شرکا سے خطاب بھی کریں گے، استقبالیہ کیمپ ایکسپو سینٹر کے سامنے لگایا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ریلی کا آغاز دوپہر دو بجے کیا جائے گا، اختتام پر ایم کیو ایم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی جبکہ پی پی حکومت کے خلاف وائٹ پیر بھی جاری کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کے مطابق شرکا کے ہاتھوں میں بینرز ہوں گے جن پر سندھ حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں کے خلاف نعرے درج ہوں گے۔
امین الحق نے کہا کراچی میں پانی کی قلت ہے، شہر میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیاں کی جارہی ہیں، نوجوانوں سے اُن کا جائز روزگار چھینا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے اپنی پالیسیاں اور روش تبدیل نہ کی تو ہم عوام کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس تک جائیں گے۔