دلیپ کمار کیساتھ سُنہرے دور کا اختتام ہوگیا
پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کے ساتھ سُنہرے دور کا اختتام ہوگیا ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلیپ کمار کی چند نایاب تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُن کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان، محمد علی صاحب اور معین اختر کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’دلیپ کمار صاحب ہم سے رخصت ہوگئے ہیں اور یہ ہم سب کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔‘
View this post on Instagram
اُنہوں نے لکھا کہ ’دلیپ کمار ایک لیجنڈ، ایک سُپر اسٹار اور ایک عظیم انسان تھے، وہ پشاور میں پیدا ہوئے تھے اور کئی بار ہم سے ملنے بھی آئے تھے۔
عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’دلیپ کمار نے ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام سے پیار کیا اور ہم نے بھی اُنہیں بہت چاہا۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’دلیپ صاحب کے ساتھ آج ایک سنہرے دور کا اختتام ہوگیا ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہی ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دلیپ کمار کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے جاری کیئے گئے افسوس ناک پیغام میں بتایا گیا تھا کہ ’انتہائی گہرے رنج و غم کے ساتھ، میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ ہمارے دلیپ کمار صاحب کچھ دیر قبل انتقال کر گئے۔‘
فیصل فاروقی نے مزید لکھا تھا کہ ’بے شک! ہمیں خُدا نے اس دُنیا میں بھیجا ہے اور ہمیں لوٹ کر اُسی کی طرف جانا ہے۔
شوبز سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور انہیں زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
لیجنڈری ادکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔