کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں شرجیل میمن نے مؤقف اختیار کیا کہ صاحبزادی کا امریکا کی یونیورسٹی میں داخلہ ہو گیا ہے، باپ کی حیثیت سے یونیورسٹی کے پہلے دن بیٹی کو چھوڑنے کے لیے جانے کی خواہش ہے
شرجیل میمن کا درخواست میں کہنا ہے کہ ملک سے باہر جانے کی اجازت کے لیے شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار ہوں، 15 اگست کو ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شرجیل میمن و دیگر کے خلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی
عدالت نے شرجیل میمن کی درخواست پر نیب پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست تک جواب طلب کر لیا اور ان کے وکیل کو درخواست کی کاپی نیب پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے اثاثے بنانے اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس دائر ہیں، رکن سندھ اسمبلی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانتیں حاصل کر رکھی ہیں۔