Featuredاسلام آباد
عمران خان نے کشمیری فروشی کے ہمارے دعوؤں پہ مہر ثبت کردی
اسلام آباد: وزیراعظم کے کشمیر پر ریفرنڈم کرانے کے اعلان پر مولانا فضل الرحمان کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیری فروشی کے ہمارے دعوؤں پہ مہر ثبت کردی ہے، آزاد کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کیلئے ریفرنڈم کرانے کی بات اقوام متحدہ کی تاریخی قرار دادوں و مؤقف سے کھلا انحراف ہے۔ عمران خان کا موقف اسی سات نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے کہ جس کی شروعات سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل مشرف نے اپنے دور میں کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلستان اور 85 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے و آبادی کو چھوڑ کر صرف آزاد کشمیر میں ریفرینڈم کرانا جدوجہد و آزادی کشمیر کے ساتھ غداری ہے، ہم مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کے حق استصواب رائے سے چاہتے ہیں، مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے 350/35A لگائے تو وہ کشمیریوں کا قاتل کہلاتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان آزاد کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مؤقف سے بغاوت کرے تو وہ کشمیر فروش نہیں تو اور کیا ہے؟، عمران خان کشمیر کو علیحدہ صوبہ بنانے اور اسکی جداگانہ حیثیت ختم کرکے اسے پاکستان میں شامل کرنے کیلئے ریفرنڈم کرانے کا اعلان کرے تو وہ کشمیر فروش نہیں تو اور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان پراجیکٹ کے ڈائریکٹرز عمران خان کو پاکستان میں اسکی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں میں تبدیلی لانے کیلئے لائے ہیں، ہم کسی بھی صورت عمرانی ایجنڈے کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25 جولائی کے عام انتخابات میں اگر 25 جولائ 2018 کی تاریخ دہرائی گئی تو اسکے بھیانک نتائج نکلیں گے۔