کراچی: ویکسین لگانیوالوں کی تعدادمیں تیزی سےاضافہ ہورہا ہے
سم بند کرنے کے اعلان کے بعد ، ویکسین لگوانے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانیوالوں کی تعدادمیں تیزی سےاضافہ ہورہا ہے ، جس سے ثابت ہوتا ہے ، لوگوں کیلئےموبائل فون سم کتنی اہم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ چنددنوں میں ویکسین لگانیوالوں کی تعدادمیں تیزی سےاضافہ ہوا، اضافہ یہ دکھاتا ہے کہ لوگوں کیلئےموبائل فون سم کتنی اہم ہے، لوگوں سےگزارش ہےباقاعدگی سےماسک بھی پہنیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے سم بند کرنے کے اعلان کے بعد ایکسپو سینٹر کراچی ویکسین لگوانے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
محکمہ صحت سندھ سے حاصل کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ویکسین ضلع شرقی میں لگائی گئی جس کی تعداد 21 ہزار 766 ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق ضلع وسطی میں 10 ہزار سے زائد، ضلع کورنگی میں 8 ہزار سے زائد، ضلع ملیر میں 8 ہزار سے زائد، ضلع جنوبی میں 20 ہزار سے زائد جبکہ ضلع غربی میں 8 ہزار سے زائد افرادکو ویکسین لگائی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مجموعی طور پر 77 ہزار 715 افراد نے ویکسین لگوائی جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 1 لاکھ 11ہزار 260افراد نےویکسین لگوائی۔