بیجنگ : چین نے افغان طالبان کیساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کاعندیہ دے دیا اور کہا کہ چین افغان عوام کے حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا آزادانہ طور پر تعین کریں۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہُوا چونینگ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے افغانستان پر کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں، چین افغان عوام کے حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ اپنی قسمت کا آزادانہ طور پر تعین کریں اور افغانستان کے ساتھ دوستانہ اور باہمی تعاون کے فروغ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان نے اتوار کو کابل میں افغان صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد کہا تھا کہ جلد ہی اسلامی امارات کا اعلان کیا جائے گا۔
طالبان کا کہنا تھا کہ کابل میں کوئی عبوری حکومت قائم نہیں ہوگی بلکہ فوری اورمکمل طور پر انتقال اقتدارچاہتےہیںکہ امریکی قیادت والی افواج کے جانے کے بعد اور مغربی ممالک نے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے ہنگامہ کیا۔
خیال رہے طالبان کے شہر میں داخل ہوتے ہی صدر اشرف غنی ملک چھوڑ کر بھاگ گئے ، انہوں نے کہا تھا کہ وہ خونریزی سے بچنا چاہتے ہیں ، جبکہ سینکڑوں افغان کابل ایئرپورٹ سے نکلنے کے لیے بے چین ہیں۔