کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 120 جاں بحق
سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 191 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 120 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 848 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 83 فیصد ہو گئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 535 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 48 ہزار 572 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 93 ہزار 107 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 596 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 29 ہزار 930 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 61 ہزار 306 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 75 لاکھ 85 ہزار 23 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 لاکھ 1 ہزار 973 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 5 کروڑ 9 لاکھ 85 ہزار 184 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 28 ہزار 254 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 803 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 88 ہزار 296 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 759 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 88 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 909 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 98 ہزار 339 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 861 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 111 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 338 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 31 ہزار 649 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 693 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 835 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 172 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔