کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا مون سون کا نیا اسپیل 9ستمبر کومتوقع ہے ، اس اسپیل میں ہلکی سے درمیانے درجےکی بارشیں ہوسکتی ہیں
ڈائریکٹرمیٹ سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ اسپیل کا دورانیہ 2روز 9 اور10ستمبر تک رہےگا اور آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، اس دوران کراچی کا درجہ حرارت 34سے 36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن رہا ہے، بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، ہوا کا کم دباؤ 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا۔
گذشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ موسلادھار بارش برسانے والا سسٹم ختم ہوگیا تاہم شہر قائد میں کہیں کہیں بونداباندی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : محکمہ موسمیات نے اکثر علاقوں میں ابر رحمت برسنے کی نوید سنادی
کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے، بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، کراچی میں اس سسٹم کے زیر اثر بارشوں کی شدت کے حوالے سے 7 ستمبر کو وثوق سے پیش گوئی کی جاسکے گی۔
گزشتہ دو روز میں ہونے والی بارش سے کراچی کے رہائشی پھر مشکلات کا شکار ہوگئے، ملیر ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کورنگی کازوے زیر آب آگیا۔
شہریوں کی حفاظت کے لیے محکمہ ٹریفک نے ملیر ولایت شاہ سے مرتضیٰ چورنگی، بلوچ کالونی سے بروکس چورنگی جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
بارش سے ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ تیز، متعدد سڑکیں ٹریفک کیلئے بند