کراچی: کراچی میں سی ویو پر پھنسا بحری جہاز 49 ویں روز نکال لیا گیا ہے۔ جہاز اپنے انجن کی مدد سے گہرے سمندر کی جانب رواں دواں ہے
شپنگ ایجنٹ کیپٹن عاصم اقبال نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں جہاز کی سمت کو درست کیا گیا اس کے بعد اسے گہرے پانی میں لانے کی کوششیں شروع کی گئیں، جہاز کو کھینچنے کے لئے کوبرا روپ استعمال کی گئی، کوبرا روپ سے ایک لاکھ ٹن وزنی جہاز کھینچا جاسکتا ہے، جہاز کو مختلف مراحل میں ساحل سے 2500 میٹر فاصلے پر پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑ ھیں : بحری جہاز کی انشورنس نہیں،مالک نے رابطہ نہ کیا توجہاز کوتحویل میں لے لیں گے
وزارتِ ساحلی امور کے مشیر محمود مولوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز گہرے سمندر میں جاچکا، اب جہاز محفوظ پانی میں آچکا ہے، جہاز کو اب کراچی کی بندرگاہ پر لے جایا جائے گا، جہاز کو تکنیکی لحاظ سے موزوں ہونے کے بعد روانگی کی اجازت دی جائے گی، ماضی میں یہاں پھنسنے والے جہاز کاٹ کر نکالے گئے تھے، یہ پہلا جہاز ہے جسے باحفاظت نکالا گیا، جہاز کو نکالنے کے لئے اب تک کئے گئے تمام اخراجات جہاز کا مالک برداشت کرے گا۔