لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کے خلاف سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا، لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی کریں گے
بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان,جسٹس مس عالیہ نیلم ،جسٹس شہباز رضوی ،جسٹس سردار احمد نعیم ،جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا لارجربینچ 14 ستمبر سے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
نئی جے آٸی ٹی پنجاب حکومت نے تشکیل دی تھی جسکے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں ۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن معطل کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : شہباز شریف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروا دیا
19 نومبر 2018 کو ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کے لیے 5رکنی لارجر بنچ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا اور 5 دسمبر کو حکومت کی جانب سے کیس میں نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کرانے پر سپریم کورٹ نے درخواست نمٹا دی تھی۔
3 جنوری 2019 کو محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دی تھی ،جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ آئی جی موٹر ویز اے ڈی خواجہ ہیں۔