کراچی: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے موٹر وہیکل ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں، کراچی سے موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 1509.112 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ حیدر آباد سے 64.973 ملین روپے اور سکھر سے 26.785 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، شہید بے نظیر آباد سے 10.436 ملین روپے اور لاڑکانہ سے 15.794 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں میرپور خاص سے 9.036 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس نادہندگان فوری طور پر اپنا ٹیکس جمع کروائیں ٹیکس آن لائن بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : موٹر وہیکل ٹیکس اور جائیداد ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں
انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر میں ٹیکس جمع کروانے والوں کی رہنمائی کے لیے عملہ موجود ہے، بروقت ٹیکسز جمع کروا کے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کے لیے جلد روڈ چیکنگ مہم شروع کی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے گاڑیوں کے مالکان اپنے ٹیکسز جمع کروائیں۔