اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکل ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی موٹر سائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ اضافے کے بعد ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت 86 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 90 ہزار 900 تک پہنچ جائے گی۔
ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت بھی 4 ہزار روپے جبکہ پرائڈر کی قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 93 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 97 ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 25 ہزار 500 روپے ہوجائے گی۔
موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی جی 125 کی قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ 42 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 47 ہزار 500 روپے ہوجائے گی۔
اسی طرح سی جی 125 ایس ای کی قیمت 6 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 77 ہزار روپے ہوجائے گی۔
سی بی 125 ایف اور سی بی 150 ایف کی قیمتوں میں فی کس ساڑھے 6 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ اضافے کے بعد سی بی 125 ایف کی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار 500 سے بڑھ کر 2 لاکھ 67 ہزار روپے ہوجائے گی۔
ہونڈا سی بی 150 ایف ایس ای کی قیمت بھی ساڑھے 6 ہزار روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 64 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 71 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
رواں برس ہونڈا اٹلس کی جانب سے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں یہ چھٹی مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ نہیں بتائی گئی.