Featuredسندھ

ٹیکس ریکوری کیلیے ایف بی آر کو بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا اختیار بحال

کراچی:فیلڈ فارمشنز کے لیے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ ٹیکس دہندہ ادارے یا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پرنسپل آفیسر یا مالک کو آگاہ کرنے کی شرط ختم کردی

بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر سے پیشگی منظوری لینے کی شرط بھی واپس لے لی ہے۔
ایف بی آر نے ملک بھر کے تمام فیلڈ فارمشنز کو مراسلے ارسال کردیئے ہیں جس میں ایف بی آر نے تمام دفاتر کے چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو سے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان سے ٹیکس واجبات کی ریکوری کے لیے پانچ مئی 2019ء اور دس اکتوبر 2019ء کو لکھے جانے والے لیٹرز میں ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے 24 گھنٹے پہلے متعلقہ ٹیکس دہندہ ادارے یا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پرنسپل آفیسر یا مالک کو آگاہ کرنے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر سے پیشگی منظوری لینے کی ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑ ھیں : جعلی بینک اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری نیب کی 5 انکوائریز اور 3 انوسٹی گیشنز میں ملوث قرار

ایف بی آر کے مطابق اب فیلڈ فارمشنز و ٹیکس حکام کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 140 کے تحت حاصل اختیارات بحال کردیئے گئے ہیں اسی طرح سیلز ٹیکس میں بھی دو اپریل 2020 کو جاری کردہ ایس آر او نمبری 274(I)/2020 کے تحت حاصل اختیارات اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی سیکشن 48 کے تحت حاصل اختیارات معمول کے مطابق استعمال کرسکتے ہیں۔

ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ صنعت کار و تاجر برادری کے مطالبے پر مذکورہ لیٹرز کے ذریعے ایف بی آر کی فیلڈ فارمشنز کو ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی ٹیکس افسر کو یا فیلڈ فارمشنز کو کسی بھی ٹیکس دہندہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا ہوں گے تو اس کے لیے اکاونٹس منجمد کرنے سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ ٹیکس دہندہ آفس کے سی ای او، پرنسپل آفیسر یا مالک کو آگاہ کرنا ہوگا۔

اسی طرح بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے قبل چیئرمین ایف بی آر سے منظوری لینا ہوتی تھی مگر اب یہ ہدایات واپس لے لی گئی ہیں۔ اب فیلڈ فارمشنز مروجہ قانون میں دیئے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے معمول کے مطابق ٹیکس دہندگان کے بینک اکاونٹس منجمد کرسکیں گے تاکہ ان سے ٹیکس واجبات کی ریکوری کی جاسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close