کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے صدارت چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن پارٹی دوستوں نے خواہش کو پسند نہیں کیا، موجودہ صورتحال میں دوستوں نے کہا پارٹی صدارت نہ چھوڑیں۔
جام کمال نے کہا کہ پارٹی دوستوں کی خواہش پر ارادہ ترک کردیا ہے، عہدے پر آئینی مدت تک رہوں گا، دوستوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قائمقام صدر کے نوٹیفکیشن کی قانونی حیثیت نہیں ہے، ایگزیکٹو کونسل میں قائمقام صدر کی تقرری کا فیصلہ نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جو چیزیں پارٹی کو نقصان پہنچائیں گی اس کے خلاف ہوں گے، پارٹی بچانے کے لیے پہلے بھی کردار ادا کیا آئندہ بھی ادا کریں گے۔
جام کمال نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنا موقف خود دے گی، آنے والوں دنوں میں پارٹی کی ملاقات ہوگی سب کو بٹھائیں گے، کچھ لوگوں کے مقاصد سامنے آگئے انہیں بعض لوگ قبول بھی نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ بعد بی اے پی مزید مضبوط ہوکر سامنے آئے گی، جو ناراض ہیں وہی سب سے زیادہ مجھ سے ملتے تھے، پارٹی کے متفقہ فیصلے سب کو ماننا پڑیں گے۔