راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی امن کے فروغ اور انسداددہشت گردی کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کادورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اورپاک ایران بارڈرمینجمنٹ پر گفتگو اور دونوں جانب سے دفاعی تعاون کومزیدفروغ دینےپراتفاق کیا گیا۔
ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے فوجی رابطوں کوفروغ دینےکی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ، انسداددہشت گردی کیلئےمل کرکوششیں کرنےپراتفاق کیا۔
ایرانی چیف نے کہا کہ انسداددہشت گردی اور تربیتی امور میں بھی تعاون ناگزیر ہے جب کہ آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان اورایران کاقریبی تعاون خطےمیں امن واستحکام کیلئےاہم ہے۔
ایرانی وفد کو علاقائی سیکیورٹی اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی اور ساتھ ہی ایرانی وفد کو پاک فوج تربیتی امور اور دوست ممالک کیساتھ تعاون پر آگاہ کیاگیا۔