ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نمیبیا نے پہلی کامیابی حاصل کرلی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: نمیبیا کی نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست
پہلی مرتبہ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی نمیبیا کی ٹیم نے تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا کی شاندار اننگز کی بدولت پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
نمیبیا نے ویزا کی 66 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
نمیبیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور اس موقع کا نیدرلینڈز کے اوپنر میکس او ڈاؤڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
میکس او ڈاؤڈ نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور تک لے جانے کی بنیاد رکھی۔
ان کے علاوہ کولن ایکرمین کے 35 اور اسکاٹ ایڈورڈ کے 21 رنز کی بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
نمیبیا کی جانب سے جان فرائیلنک نے 2 اورڈیوڈ ویزا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کا آغاز معمول کے مطابق رہا جہاں اسٹیفن بارڈ 19، زین گرین 15 اور کریگ ولیمز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
تاہم ایسے میں تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ویزا نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے 32 رنز بنانے والے کپان جرہارڈ ایرسمس کے ساتھ 93 رنز کی میچ گر پارٹنرشپ بھائی اور پھر جے جے سمٹ کے ساتھ 21 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو جیت دلوائی۔
ڈیوڈ ویزا نے 40 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 66 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے فرینڈ کلاسین، کولن اکرمین، وین در گگٹن اور پیٹر سیلر نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس جیت کے ساتھ ہی نمیبیا کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کا امکان بھی بڑھ گیا۔