کراچی: نیشنل بینک کے نظام پر سائبر حملے کے بعد ملک میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا، سوشل میڈیا پر پاکستان کے مالیاتی شعبہ پر بڑے سائبر حملے کی غلط اطلاعات گردش کرنے لگیں
کسٹمر کا ڈیٹا چوری ہونے اور رقوم کے نقصانات کے دعوے کیے جانے لگے تاہم اسٹیٹ بینک نے اس کی تردید کی ہے
اسٹیٹ بینک نے صارفین اور عوام کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کا بینکنگ سسٹم محفوظ ہے اور کسی دوسرے بینک پر سائبر حملے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسٹیٹ بینک نے اپنے آفیشل ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ 9 بینکوں پر سائبر حملے اور ڈیٹا سمیت رقوم کے نقصان کی اطلاعات غلط ہیں اور اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان سے منسوب کرکے پھیلایا جانے والا پیغام جعلی ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : 10 ہزار کا کرنسی نوٹ: اسٹیٹ بینک نے سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہوں کو غلط قرار دیدیا
اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ملک میں نیشنل بینک آف پاکستان کے سوا کسی بینک پر سائبر حملے کی اطلاع نہیں ملی، اسٹیٹ بینک ان اطلاعات کی تردید کرتا ہے جن میں 9 بینکوں پر سائبر حملے، مالیاتی اور ڈیٹا کی چوری کا دعویٰ کیا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک صورتحال کو مانیٹر کررہا ہے اور کوئی بھی اطلاع اسٹیٹ بینک کے آفیشل ابلاغی ذرائع سے ہی نشر کی جائے گی۔