کراچی : مالک نے اپنا بینک اسٹیٹمنٹ نکلوایا تو پتہ چلا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 2 کروڑ 66 لاکھ روپے غائب ہیں۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی میں ایک شخص کو مبینہ طور پر اپنے مالک کے جعلی دستخط کر کے کروڑوں روپے ہڑپ کر لینے والے ملازم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق دھاگے کے کاروبار سے منسلک تاجر محمد عمران نے 16 جنوری 2020 کو تحریری شکایت جمع کرائی کہ اس کے اکاؤنٹنٹ سید عبدالحسیب نے جعلی دستخط کر کے اس کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے اپنے کھاتے میں منتقل کیے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق اس نے اپنے اکاؤنٹنٹ کو رنگے ہاتھ پکڑا اور اس نے جعلی دستخط کر کے آ8 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے لیکن جب اس نے اپنا بینک اسٹیٹمنٹ نکلوایا تو پتہ چلا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 2 کروڑ 66 لاکھ روپے غائب ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزم منظر عام سے غائب ہو چکا ہے، اسے گرفتار کر کے اس کی رقم برآمد کروائی جائے۔
ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی تو پتہ چلا کہ درخواست گزار کا آئی آئی چندیگر روڈ پر واقع ایک نجی بینک برانچ میں اکاؤنٹ ہے اور دستخط کی اتھارٹی بھی صرف درخواست گزار کی ہی ہے اور اسی اکاؤنٹنٹ سے 2 کروڑ 66 لاکھ روپے ملزم کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے۔
دوران تحقیقات یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نے نجی بینک انتظامیہ سے مل کر درخواست گزار کے بینک اکاؤنٹ میں رقم کی آمد اور منتقلی پر بینک کی جانب سے شروع کی جانے والی ایس ایم اسی سروس بند کروائی۔ درخواست گزار نے ملزم کو سال 2009 میں اسسٹنٹ اکاؤنٹنٹ بھرتی کیا تھا اور سال 2017 میں ملزم کو ترقی دے کر اکاؤنٹنٹ کے عہدے پر تعینات کرتے ہوئے کمپنی کے مالی معاملات ملزم کو سپرد کر دیے تھے،
سال 2019 میں ملزم نے نجی بینک ملازمین علی سرفراز زیدی اور محمد انور کی مدد سے درخواست گزار کے نام پر اس کے اکاؤنٹ کی چیک بک نکلوائی۔ دوران تحقیقات نجی بینک سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کے مطابق ملزم عبدالحسیب نے بینک ملازمین علی سرفراز زیدی، محمد انور، خرم عارف اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر درخواست گزار کے اکاؤنٹ سے جعلی دستخط کے ذریعے مذکورہ رقم نکلوائی۔
رقم ملزم سید عبدالحسیب، اس کی اہلیہ مدیحا اور قریبی رشتےدار خرم عارف کے بینک اکاؤنٹس می منتقل کی گئی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق نجی بینک سے حاصل ہونے والے چیک، جن پر مشتبہ طور پر جعلی دستخط کر کے رقم نکلوائی گئی، کو فرانزک معائنے کے لیے اسلام آباد بھیجا گیا اور ایکسپرٹ رائے کے مطابق بھیجے گئے 54 چیک پر درخواست گزار کے نہیں بلکہ جعلی دستخط پائے گئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سید عبدالحسیب کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔