کراچی: پی پی رہنماؤں نے گنے کی گرشنگ دیر سے شروع کرنے کا الزام مسترد کردیا
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کیا ملک بھر میں مہنگائی کی ذمہ دار بھی پیپلز پارٹی ہے؟
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے گنے کی گرشنگ دیر سے شروع کرنے کے وفاقی حکومت کے الزامات کو مسترد کردیا
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے مگر وہاں اب تک شوگر ملیں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار وزیراعظم کے آس پاس کھڑے ہیں، شوگر کمیشن کے قیام کے بعد احتساب کے نعرے لگائے گئے مگر کوئی عمل نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے الزام عائد کیا کہ تین شوگر ملز بند ہیں، وفاق ہمیں بتا دے کہ کونسی شوگر مل بند ہیں ہم ان کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے ۔
اس موقع پر پی پی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ قیمتوں کا عالمی مارکیٹ سے مقابلہ کیا جارہا ہے مگر عوام کی آمدنی کم سے کم ہورہی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ وفاق نے ایوان کو غیر موثر بنادیا ہے، کہتے ہیں کہ وہ قانون لائے ہیں، مگر یہ قانون صرف اپنے لوگوں کو بچانے کے لئے لایا جارہا ہے، جس کا حصہ اپوزیشن نہیں بنے گی۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر عوامی مفاد کا قانون لایا جارہا ہے تو اپوزیشن سے بات کرنے میں کیا حرج ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں بھارتی کرنسی اور پاکستانی کرنسی میں واضح فرق ہے، بھارت کی مثال دیتے ہیں تو پاکستانی روپے کی قدر بڑھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، ہم عمران خان کو اس طرح عوام کو چونا لگانے نہیں دینگے