کیوی ٹیم نے انگلش ٹیم سے یقینی جیت چھین لی
ابوظبی: نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے یقینی جیت چھین کر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
مچل کی شاندار بیٹنگ نے انگلینڈ کو کچل دیا ، نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا بھی بدلہ لے لیا۔
انگلش بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔ڈیوڈ ملان 41 اور معین علی 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ ایک موقع پر سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا تھا،نیوزی لینڈ 167 کےتعاقب میں 18 اوورز میں 147 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر بنا چکا تھا اور اسے 12 گیندوں پر مزید 20 رنز درکار تھے۔
تاہم نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ڈیرل مچل 48 گیندوں پر 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیرل مچل مین آف دی میچ قرار پائے۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر کو دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا جس کے بعد فائنل 14 نومبر کو دبئی میں ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ سے ٹرافی کی جنگ لڑے گی۔