بنگلادیشی وزیر اپنی سرزمین پر پاکستانی جھنڈا دیکھ کر تلملا گئے
ڈھاکہ : پاکستانی ٹیم جھنڈے سمیت واپس بھیجو، بنگلادیشی وزیر کا نیٹ پریکٹس میں جھنڈا لگانے پر اعتراض
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے نیٹ سیشن کے دوران پاکستانی جھنڈا لگائے جانے پر بنگلادیش کے سوشل میڈیا صارفین خفا نظر آئے وہیں پاکستانی جھنڈا دیکھ کر بنگلادیش کے وزیر بھی تلملا گئے۔
پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی جھنڈا دیکھ کر بنگلا دیشی شائقین کرکٹ میں کھلبلی مچ گئی اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی مختلف تنقیدی تبصرے دیکھنے کو ملے۔
معاملے پر بنگلا دیشی وزیر مملکت برائے اطلاعات مراد حسن کی جانب سے بھی رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی پرچم لہرائے جانے والی ٹیم کو قبول نہیں کرسکتے۔
مراد حسن نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے لیکن ہم پریکٹس سیشن کے دوران ان کی جانب سے پاکستانی جھنڈا لگانا قبول نہیں کرسکتے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب ہم بابائے بنگلا بادھو شیخ مجیب کی سالگرہ اور اپنی آزادی کی 50 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
بنگلا دیشی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی جھنڈا دیکھ کر ہمارے دل دہل جاتے ہیں ان کو سیشن کے دوران جھنڈے کی ضرورت ہی کیوں ہے؟ یہ آخر ڈرامہ ہے یا فسانہ؟
بنگلادیشی وزیر مملکت نے قومی ٹیم کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ انہیں جھنڈے کے ساتھ ہی واپس بھیج دینا چاہیے۔