Featuredپنجاب

سری لنکن منیجر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا

 سیالکوٹ: آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔

سیالکوٹ میں سیکڑوں مشتعل افراد کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم میں سری لنکن شہری پریانتھا کی لاش کا زیادہ تر حصہ جلا ہوا پایا گیا، آگ لگنے سے بچ جانے والے حصے کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔

پولیس کی جانب سے شہری کی افسوس ناک ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور آپریشن رات سے جاری ہے۔

پولیس کی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مشتعل افراد کے ہاتھوں مارے جانے والے سری لنکن منیجر نے غلط فہمی کا اظہار کر کے معذرت بھی کی تھی۔

پولیس کی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ گارمنٹ فیکٹری میں 13 سیکیورٹی گارڈز تعینات تھے مگر جب فیکٹری ملازمین نے منیجر کو مارنا شروع کیا تو کوئی سامنے نہیں آیا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق سری لنکن شہری نے صبح 10 بج کر 28 منٹ پر دیوار پر لگے پوسٹر اتارے، جس کے بعد سری لنکن منیجر اور ملازمین کے درمیان فیکٹری مالک نے تنازع طے کرایا۔

پولیس تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکن منیجر نے غلط فہمی کا اظہار کرکے معذرت کی لیکن معاملہ ختم ہونے کے بعد فیکٹری ملازمین نے ایک بار پھر اسے ہوا دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سری لنکن منیجر کو فیکٹری کے اندر ہی قتل کیا گیا اور اس کی لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری کے باہر لایا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ سری لنکن منیجر کی لاش فیکٹری سے باہر لائی گئی تو 11 بج کر 28 منٹ پر ون فائیو پر کال کی گئی، علاقہ ایس ایچ او 12 منٹ بعد جائے وقوع پر پہنچے۔

پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایس ایچ او نے صورتِ حال دیکھ کر ڈی پی او عمر سعید کو فون کیا، جس کے بعد ڈی پی او نے 27 انسپکٹرز اور پولیس نفری کو جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایات دیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close