لاہور: پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے
سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے ۔
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کی قیادت اورکارکنوں کی محنت رنگ لائی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے لاہورمیں نیا جنم لیا ہے جوپنجاب میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کو بھی مبارک باد دی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےاپنے ایک بیان میں این اے 133 کی انتخابی مہم میں متحرک عہدیداران کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
یہ بھی پڑ ھیں : پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے
ن لیگ نےعام انتخابات کے مقابلےمیں 50 فیصد سے کم ووٹ حاصل کیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے لاہور میں ایک نئی کروٹ لی ہے، اگلا دور اور پنجاب کا اگلا وزیراعلٰی پیپلزپارٹی سے ہوگا۔
لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی تاہم ن لیگ کو 2018کے عام انتخابات کے مقابلے میں کم ووٹ ملے ہیں۔
غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 32313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پیپلزپارٹی کے اسلم گِل نے 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 26 ہزار 728 ووٹ زیادہ حاصل کیے جبکہ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں 5585 ووٹ لیے تھے۔