ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان کا کلین سوئپ
ڈھاکا: پاکستان نے ڈھاکا ٹیسٹ میں بنگلا دیش کو اننگز اور 8 رنز سے شکست دیکر کلین سوئپ کر لیا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے آخری دن میزبان ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں اننگز اور 8 رنز سے شکست ہوگئی۔
فالو آن کے بعد بنگلا دیش کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو وہ پہلی اننگز سے مختلف نہ تھا اور ابتداء سے ہی اس کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
بنگلادیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 87 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی، میزبان ٹیم کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 194 رنز درکار تھے۔
دوسری اننگ میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4، شاہین شاہ اور حسن علی نے 2،2 اور کپتان بابر اعظم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی طرف سے ساجد خان نے 8 وکٹیں لی اور شاہین شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔
ساجد خان پاکستان کے دوسرے آف اسپنر بن گئے ہیں جنہوں نے ایک اننگز میں 8 وکٹیں لی ہیں، اس سے قبل آف اسپنر ثقلین مشتاق نے ایک اننگز میں 8 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔