اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی طرف سے ہڑتال ختم
اسلام آباد: شق 166کو ختم کرنے سے متعلق یقین دہانی اور ترمیم سے متعلق تحریری ثبوت دئیے جانے پر احتجاج موخر کیا گیا ہے
فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے ذریعے تعلیمی اداروں کو میونسپل کارپوریشن کے تحت کرنے کی شق 166کو ختم کرنے سے متعلق یقین دہانی اور ترمیم سے متعلق تحریری ثبوت دئیے جانے پر احتجاج موخر کیا گیا ہے۔
ایک ماہ تک کلاسز کا بائیکاٹ ختم کیا ہے،اگر حکومت کی جانب سے کروائی گئی یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا حق موجود ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : وزیر اعظم ہاؤس یونیورسٹی نہ بن سکا مگر ہم اس کے باہر کلاسیں لگائیں گے
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی فضل مولی نے کہا کہ دس دن تک کلاس کا بائیکاٹ کیا، ایک بڑا اجتماع بھی اپنے تمام اساتذہ اور نان تدریسی عملے کے ساتھ پارلیمنٹ کے سامنے کیا تھا جس میں تمام ملازمین کی ایک ہی ڈیمانڈ تھی کہ میونسپل کارپوریشن کے آرڈینس میں موجود شق 166کو فل فور ختم کیا جائے ۔
اس سلسلے میں وزارت تعلیم میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کے دوران تحریری طور پر ترمیم کے ثبوت دکھائے گئے اور یقین دہانی کروائی گئی کہ شق کو ختم کرنے کے علاوہ ملازمین کے تحفظات کو مدنظر رکھ کر ترمیم وزیر اعظم کو بھجوائی جائیں گی جس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج موخر کرنے کا اعلان کیا۔