وزیراعظم کو لگتا ہے ان کے علاوہ سب سیاست میں کرپشن کرنے آئے ہیں
آپ دوسروں پر الزام لگا کر بری الذمّہ نہیں ہو سکتے
پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن کا عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل
شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگارہے ہیں، آپ دوسروں پر الزام لگا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ بری طرح سے پٹ چکا ہے، آپ نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے۔
وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگا رہے ہیں۔ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے۔ آپ نے ملک کے مجموئی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے۔3 سال میں 20.7 ٹرلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے۔ 1/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) December 18, 2021
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 20.7 ٹریلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے ہیں، آج ہفتہ وار رپورٹ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہوگئی ہے۔
وزیراعظم کو لگتا ہے ان کے علاوہ سب سیاست میں کرپشن کرنے آئے ہیں، لیکن ملک کی اکثریت سمجھتی ہے اس حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بار انتخابات میں لوگ آپ سے آپ کی کارکردگی کا پوچھے گے۔ آپ دوسروں پر الزام لاگا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ 3/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) December 18, 2021
شیری رحمٰن نے کہا کہ 3 سال میں ریکارڈ قرضے، مہنگائی کا ذمہ دار بھی موجودہ حکومت نہیں کوئی اور ہے؟شاید ان کو ابھی تک احساس نہیں ہوا کہ یہ حکومت میں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھاکہ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، کرپشن ملک کو تباہ کردیتی ہے، پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں۔