پشاور میئر کی نشست پر جے یو آئی کو فیصلہ کن برتری حاصل
پشاور: حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی سب سے آگے ہے۔
کوہاٹ میں جے یو آئی ف کے امیدوار شیر زمان جیت گئے، پشاور اور بنوں میں مولانا فضل الرحمان کے امیدوار جیت کے قریب پہنچ گئے۔
غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاور کے میئر کی نشست پر مولانا فضل الرحمان کے امیدوار زبیر علی کو فیصلہ کن برتری مل گئی، مردان میں اے این پی کے حمایت اللّٰہ مایار نے پی ٹی آئی کو ہرا دیا۔
بنوں میں جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللّٰہ درانی نے برتری حاصل کرلی۔
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے شبلی فراز، شوکت یوسف زئی،عاطف خان اور شہرام تراکئی نے شکست تسلیم کرلی۔