کراچی : ہمارا دھرنا کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے حقیقی جدوجہد ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی بلدیاتی قانون کیخلاف کچھ نہیں کررہی، مشترکہ جدوجہد کا کہنے والے کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنا جاری رہے گا۔ کراچی میں بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 47 ہزار سرکاری اسکولز موجود ہیں۔ سندھ کے عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں ملتی۔ کراچی میں صحت اور تعلیم کے شعبے کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔ کراچی کے شہری ہماری عظیم جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا پوائنٹ اسکورنگ نہیں۔ ہمارا دھرنا کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے حقیقی جدوجہد ہے۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی بلدیاتی قانون کیخلاف کچھ نہیں کررہی۔ مشترکہ جدوجہد کا کہنے والے کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ وزیر اعظم نے نئے سال میں تحفے کے طور پر پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ کس قسم کی مخلوق ہے جنہیں عوام کا کوئی خیال ہی نہیں۔