کراچی : شہر قائد میں سال نو کے جشن پر ہوائی فائرنگ ، ایک بچہ جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی۔
ہمیشہ کی طرح اس سال بھی شہر قائد میں سال نو کا جشن آتشی اسلحہ کا استعمال ہوا، ایک 11 سالہ بچہ جاں بحق، جبکہ 17 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
ہمیشہ کی طرح اس سال بھی 12 بجتے ہی نوجوان سڑکوں پر آگئے، کئی مقامات پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا۔ نوجوان رقص کرتے نظر آئے۔
پولیس کی جانب سے سختی کی ہدایت کے باوجود اس سال بھی ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس دوران کئی افراد نے سال کے پہلے ہی دن اسپتال کا منہ دیکھ لیا۔ زخمی ہونے والوں میں دس سالہ بچی اور تیرہ سالہ لڑکا بھی شامل ہیں، جبکہ 11 سالہ لڑکا اپنی جان کی بازی ہار گیا۔
عزیز آباد کے مشہور مکہ چوک پر اندھی گولی آئی اور ایک شہری کے سینے میں پیوست ہوگئی۔ رنچھورلائن کی مشہور گھاس منڈی پر بھی ایک نامعلوم سمت سے چلی گولی شہری کو زخمی کرگئی۔
گرومندر کے قریب لال مسجد، صدر کی زینب مارکیٹ، سول اسپتال، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے زخمیوں کو طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
خواجہ اجمیر نگری میں 11 سالہ بچہ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔