کوئٹہ: گوادر اولڈ ٹاؤن کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے اور شہر میں جمع پانی سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پسنی میں 137، گوادر میں 104، اورماڑہ میں 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تربت میں 44، جیوانی میں 40، خضدار میں 19 ملی میٹر، کوئٹہ (سمنگلی میں 13، سٹی میں7)، پنجگور میں 11 ملی میٹر جب کہ لسبیلہ میں 8، قلات میں 6، دالبندین میں 3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑ ھیں : محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کردیا
شدید بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے باعث سیاح اور مقامی آبادی شدید مشکلات میں پھنس گئے، مختلف علاقوں میں پھنسے سیاحوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، مشینری اور واٹرباؤزر، سکشن پمپ بھی پانی کو نکالنے کیلئے استعمال کیاگیا ہے۔
کوسٹل ہائی وے پسنی، سوربندر، نگور اور جیوانی میں ریسکیو آپریشن کیا گیا اور اس دوران خوراک کے ساتھ رہائش بھی فراہم کی گئی۔
پاکستان کوسٹ گارڈزجیوانی، پشوکان اور گوادر میں پانی نکالنے میں مصروف ہے۔ ماہی گیروں کی کشتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مدد کی جا رہی ہے۔