دل دہلانے والا واقعہ قابل افسوس ہے ، حکومت نے بروقت عمل نہیں کیا
اسلام آباد: جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں
شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے بروقت عمل نہیں کیا، لوگوں کو روکنے کے بجائے پیغام دیا گیا کہ سیاحت عروج پر ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دل دہلانے والا واقعہ قابل افسوس ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں، حکومت کو یقینی طور پر مزید چوکس رہنے کی ضرورت تھی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے حکومتی وزراء کی جانب سے مری میں سیاحوں کی آمد پر شادیانے بجائے گئے، لوگوں کو روکنے کے بجائے پیغام دیا گیا کہ سیاحت عروج پر ہے، حکومت کو مزید سیاحوں کو دعوت کے بجائے سڑکیں بند ہونے کی وارننگ دینی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے مقامات پر خطرناک موسم میں یہی معمول ہوتا ہے، حکومت نے بروقت عمل نہیں کیا، اس افسوسناک واقعے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، کچھ ہزار کاریں اب بھی پہاڑی مقام پر شدید درجہ حرارت میں پھنسی ہوئی ہیں، پیر سے اب تک 155,000 سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکی ہیں لیکن اب تک صرف 135,000 ہی روانہ ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسم کے مطابق ٹریفک کی نگرانی ہونی چاہئے تھی، سوشل میڈیا صارفین سے گزارش ہے کہ کچھ تحمل کا مظاہرہ کریں، برائے مہربانی مری سانحہ میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرنا بند کریں، لواحقین اور جاں بحق ہونے والے افراد کا احترام ہم پر فرض ہے۔