شاہ محمود قریشی نے صوبہ جنوبی پنجاب کیلئے اپوزیشن سے مدد مانگ لی
اسلام آباد : شاہ محمود کی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن رہنماؤں سے تعاون کی درخواست
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام سے علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔
شاہ محمود قریشی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالا قومی مفاد میں آئینی ترمیم پر اتحاد ضروری ہے لہذا اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب صوبے کو حقیقت بنانے میں ساتھ دیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بحیثیت جماعت جنوبی پنجاب بطور آزاد صوبہ تسلیم کرانے پر کام جاری ہے اور ساتھ ہی اصلاحات کے ذریعے، ہماری توجہ سماجی اور اقتصادی ترقی ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں واضح کیا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے تحت جنوبی پنجاب سول سیکریٹریٹ اصلاحات کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ضلعی ترقیاتی رابطہ کمیٹیاں قائم کی جارہی ہیں، ہمیں مل کر جنوبی پنجاب کے قیام کےلیے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے حاصل کرنا چاہیے، اپوزیشن رہنما جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کو مقدم رکھیں۔